ریٹرنز اور گوشوارے جمع نہ کرانے پر 36 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کے خلاف کارروائی

58 شوکاز پر پراسیڈنگ مکمل کرلی گئی، 46 شوکاز نوٹسز پر جرمانے اور 12 پر تنبیہی احکامات جاری کیے گئے


ویب ڈیسک June 06, 2026

اسلام آباد:

ایس ای سی پی کی جانب سے ریٹرنز اور گوشوارے جمع نہ کرانے پر 36 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

سرکاری ملکیتی کمپنیوں میں احتساب اور گورننس بہتر بنانے کے لیے ایس ای سی پی کے اقدامات جاری ہیں، اس حوالے سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسی کے تحت سرکاری اداروں میں کارپوریٹ گورننس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

بیان کے مطابق سرکاری کمپنیوں کی جانب سے سالانہ ریٹرنز اور مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر کارروائی  کی گئی ہے، جس میں 36 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو جاری 58 شوکاز پر پراسیڈنگ مکمل کرلی گئی۔ 46  شوکاز نوٹسز پر جرمانے  اور 12 پر تنبیہی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق مجموعی طور پر 31 لاکھ 75 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ مارچ 2026 میں 41 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو 66 شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ 58شوکاز نوٹسز پر کارروائی مکمل جب کہ 8 نوٹسز میں کارروائی جاری ہے ۔

بیان کے مطابق سالانہ ریٹرنز جمع نہ کرانے پر کم از کم 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جب کہ سالانہ ریٹرنز اور مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوا ہے۔ اس کے علاوہ مسلسل عدم تعمیل پر زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ شوکاز پراسیڈنگ کے دوران کمپنیوں کو مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع دیا گیا۔  علاوہ ازیں متعدد سرکاری کمپنیوں نے شوکاز نوٹسز کے بعد زیر التوا سالانہ ریٹرنز جمع کرا دیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری کمپنیوں کی ریٹرن فائلنگ میں رہنمائی کے لیے خصوصی سہولت ڈیسک قائم کیا گیاہے۔شوکاز فیصلوں کی نقول متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز اور سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کو ارسال کردی گئی ہیں۔ کمپنیز ایکٹ اور کارپوریٹ گورننس ریگولیشنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔