35 سال پرانا قتل کیس؛ 85 سالہ کمزور و لاغر مجرم کو 3 سال قید اور جرمانہ

ملزم جھکی کمر، لاغر حالت اور دو افراد کے سہارے کے باوجود بھی اپنے پیروں پر بمشکل چلتے ہوئے عدالت پہنچا


ویب ڈیسک June 06, 2026

بھارتی عدالت کے قتل کیس میں ایک غیر معمولی فیصلے نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے اور قانون و انصاف کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے دیپ رائے کو قتل اور آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی کے جرم میں قصوروار قرار دیدیا۔

عدالت نے مقدمے کی طویل سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے 85 سالہ دیپ رائے کو تین سال قید اور 25 ہزار بھارتی روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

بھارتی عدالت میں اپنے خلاف قتل کیس کا فیصلہ سننے جب دیپ رائے کورٹ پہنچے تو وہ شدید لاغر تھے۔ ان کی کمر جھکی ہوئی تھی اور وہ دو آدمیوں کے سہارے بھی بمشکل چل پا رہے تھے۔

دیپ رائے کی صحت کو دیکھتے ہوئے سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے مؤکل کی عمر اور خراب جسمانی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا میں نرمی برتی جائے۔

عدالت نے اس درخواست کو جزوی طور پر قبول کرتے ہوئے مجرم دیپ رائے کم سے کم مدت کی سزا سنائی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ 85 سالہ ملزم جسمانی طور پر شدید کمزوری اور معذوری کا شکار ہے اور سخت قید برداشت کرنے کی وقت نہیں رکھتے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ قتل جیسا سنگین جرم ثابت ہونے کے بعد اس کی سزا دینا بھی ضروری تھا اسی لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نسبتاً کم سزا دی گئی۔

بھارت میں یہ پہلا مقدمہ نہیں۔ ایک عام کیس کا فیصلہ آنے بھی 35 سے 40 سال لگ جاتے ہیں اور انصاف کی راہ تکتے سائل ایڑیاں رگڑتے رگڑتے جہان فانی سے ہی کوچ کرجاتے ہیں۔