لاہور میں مشہور ٹک ٹاکر گرفتار

پولیس نے واقعے کا مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 279، 186 اور 189 کے تحت درج کر لیا


نعمان شیخ June 06, 2026
فوٹو: پولیس

لاہور میں مشہور ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف نانی والا کو پولیس نے تھانہ ڈیفنس سی میں غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے اور سرکاری ملازم کو دھمکانے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ پولیس نے ملزم ندیم مبارک عرف نانی والا کو گرفتار کرلیا ہے، جن سے تحقیقات جاری ہیں اور صبح عدالت پیش کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف مقدمہ غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے، کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ اپلائیڈ فار لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے رکنے کے بجائے ون وے گاڑی بھگا دی، جس پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 279، 186 اور 189 کے تحت درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیور نے رایا کلب کے پاس جا کر گاڑی ون وے کے خلاف چلانی شروع کردی، جب سرکاری گاڑی کو ان کی گاڑی کے ساتھ لا کر دوبارہ روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے اپنی گاڑی سے ہمیں سائیڈ مار کر حادثے کا شکار کرنے کی کوشش کی۔

پولیس نے بتایا کہ جب انہیں روک کر کہا گیا کہ گاڑی کے ساتھ تھانہ چلیں تو انہوں نے دھمکیاں دینا شروع کیں۔

پولیس نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔

مزید بتایا گیا کہ لاہور ٹریفک پولیس کی طرف سے بوگس و جعلی اور غفلت لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر متعدد مقدمات درج کروائے جاچکے ہیں وار بغیر نمبر پلیٹ، اپلائیڈ فار اور غیر قانونی سبز نمبر پلیٹس کا استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

ٹریفک حکام کے مطابق قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔