کراچی:
شہر قائد میں عباس ٹاؤن کے علاقے بکھر گوٹھ میں ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی. آگ لگنے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم کو فائر بریگیڈ ٹرک اور ایمبولینس کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔
ترجمان کے مطابق کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ گھر کے مکینوں نے بتایا کہ انکی کسی شخص سے دشمنی ہے ممکنہ طور پر آتشزدگی کا واقعہ اس ہی سلسلے کی کڑی معلوم ہوتا ہے۔
تاہم آتشزدگی کے دوران کسی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ گھر کے بیرونی حصے میں موجود مختلف نوعیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔