لاہور میں 18 سالہ بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی کرنے والے سفاک سوتیلے باپ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ان کی ہدایت پر ایس ایچ او ڈیفنس اے محمد افضال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد شاکر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم محمد شاکر بچی کو دم کروانے کے بہانے دی گرینڈ آرچرڈ ون ہوٹل کے کمرے میں لے گیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا اور کسی کو واقعے سے آگاہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں نامزد ملزم محمد شاکر کے خلاف فوری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کے لیے کیس جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ اختر نواز نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او ڈیفنس اے محمد افضال، ایس آئی محمد آصف اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔