پی ڈی ایم اے نے آئندہ ہفتے پنجاب میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 8 سے 12 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور میدانی علاقوں میں پارہ 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد سمیت متعدد اضلاع میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔
اسی طرح ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل اور ساہیوال میں بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب Nabeel Javed نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz کی ہدایات کے پیش نظر تمام انتظامیہ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے Umar Javed کے مطابق رات کے اوقات میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے، جبکہ گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور جسم میں پانی کی مقدار برقرار رکھیں۔ بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ نے کاشتکاروں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک رہیں گی۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ میں بھی آج سے بالائی فضا میں ایک ہائی پریشر بنے کا امکان ہے جو کہ کل تک مذید طاقتور ہو سکتا ہے۔
اس سسٹم کے زیر اثر 08 سے 12 جون کے دوران سندھ کے اکثر اضلاع میں درمیانی سے شدید بیٹ ویوکی صورتحال پیدا ہونے کی توقع ہے، 08 سے 12 جون تک کراچی میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔
کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 تا 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، سکھر ، شکار پور، قمبرشہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجودڑو،شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیر پور، نوشہرو فیروز میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوسکتے ہیں۔
تھرپارکر ل،بدین، حیدر آباد، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، عمر کوٹ،میر پور خاص،جامشورو، سانگھڑزیادہ سے زیادہ اودرجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے
محکمہ موسمیات نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث صوبے کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں آندھی چلنے کی بھی توقع ہے۔