پاکستان ویمنز  کرکٹ ٹیم  آخری  وارم اپ میچ  منگل کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی

پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 14 جون کو برمنگھم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کرے گی


زبیر نذیر خان June 07, 2026

پاکستان ویمنز  کرکٹ ٹیم  آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026 کی تیاری کے لیے اپنا دوسرا اور آخری  وارم اپ میچ  منگل کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق انگلینڈ کے شہر نوٹنگھم میں موجود پاکستان ویمنز ٹیم میگا ایونٹ کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہی ہے،اتوار کے روز بھی کھلاڑیوں نے اپنی جسمانی تربیت پر بھرپور توجہ دی۔

 پاکستان ویمنز ٹیم ہفتہ کو ڈربی میں سری لنکا کے خلاف  اپنا پہلا وارم اپ میچ 9 وکٹوں سے ہارگئی تھی، قومی ویمن ٹیم اپنے دوسرے وارم اپ  میچ کے بعد عالمی کپ میں شرکت کے لیے برمنگھم روانہ ہو جائے گی۔
قبل ازیں پاکستان میزبان آئر لینڈ اور ویسٹ انڈیزکے خلاف ٹرائی نیشن سیریز  میں بھی  ناکامی سے دوچار ہو گیا تھا،اپنے دونوں ابتدائی میچ ہارنے والی قومی ویمن ٹیم کے اگلے دونوں میچز بارش کی نظر ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ 12 جون سے انگلینڈ اینڈ ویلز میں شروع ہونے والے آئی سی سی عالمی وویمن ٹی ٹوئنٹی کپ 2026 میں آل راؤنڈر فاطمہ ثنا پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کررہی ہیں۔

پاکستان ویمنز اسکواڈ میں فاطمہ ثناء، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید ، منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رمین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 14 جون کو برمنگھم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کرے گی،دوسراگروپ میچ  17 جون کو جنوبی افریقہ،تیسرا میچ 20 جون کو بنگلا دیش، چوتھا میچ 23 جون کو آسٹریلیا اور اور پانچواں و آخری میچ 27 جون کو  نیدرلینڈز سے طے ہے۔