اسرائیلی حملوں کے بعد ایران، عراق اور شام نے فضائی حدود بند کردیں، خطے میں ہائی الرٹ

ایران نے اپنے مغربی علاقوں کی فضائی حدود غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی ہیں


ویب ڈیسک June 08, 2026

 

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران، عراق اور شام نے اپنی فضائی حدود میں پابندیاں عائد کر دی ہیں، جبکہ دمشق ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق ایران نے اپنے مغربی علاقوں کی فضائی حدود غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی ہیں۔ دوسری جانب عراق نے بھی حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شام کی حکومت نے جنوبی فضائی حدود کو 12 گھنٹوں کے لیے بند کر دیا ہے جبکہ دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام فضائی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔

ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں موجود امریکی سفارتخانے نے اپنے عملے اور ان کے اہل خانہ کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تحمل کی اپیل کے باوجود اسرائیل نے ایران کے خلاف جوابی کارروائی کی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق دارالحکومت تہران، تبریز اور اصفہان سمیت مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ کرج کے قریب بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے مغربی اور وسطی ایران میں موجود فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی۔

علاقائی صورتحال میں تیزی سے تبدیلی کے باعث بین الاقوامی فضائی کمپنیوں اور مسافروں کو سفری منصوبوں کے حوالے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی جا رہی ہے، جبکہ خطے میں مزید کشیدگی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔