راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں خاتون اور مردوں کے نازیبا رقص کی ویڈیو وائرل، مقدمہ درج

واقعہ کمپلیکس کے وکلاء کے زیر استعمال حصے میں پیش آیا، ویڈیو میں ملزمان کے چہرے واضح دیکھے جاسکتے ہیں


ویب ڈیسک June 08, 2026

راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں مبینہ طور پر نازیبا حرکات اور محفل رقص کرانے کے واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر سیشن کورٹ کے چوکیدار کی مدعیت میں تھانہ سول لائنز میں درج کی گئی۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی گئی جس میں جوڈیشل کمپلیکس کے اندر مرد و خواتین کو نازیبا حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مقدمے کے مطابق یہ واقعہ جوڈیشل کمپلیکس کے اس حصے میں پیش آیا جو وکلاء کے زیر استعمال ہے۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں شامل افراد کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔