کراچی:
سندھ میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، اس دوران درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ بھر کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بالائی فضا میں ہائی پریشر ایریا بننے کے باعث 8 سے 12 جون کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 9 سے 12 جون تک ہیٹ ویو برقرار رہ سکتا ہے جبکہ اس دوران شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق آج سے 12 جون تک سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجودڑو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہروفیروز میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور سجاول کے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باعث صوبے کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔
عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے کے دوران دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔