شاہین آفریدی کے ٹیسٹ کیریئر پر اسپیڈ بریکر آنے لگا، دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ میں نظر انداز کیے جانے کا امکان بڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ روز ریڈ بال کیمپ کے لیے 22 کرکٹرز کا اعلان کیا ان میں شاہین شاہ آفریدی کا نام شامل نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق انہیں پیغام پہنچا دیا گیا ہے کہ چونکہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلتے اس لیے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ نہیں جا سکیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہین نے بنگلادیش سے ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیا تھا، اس وقت یہ جواز نہیں لاگو کیا گیا۔
وہ اپنے آخری 16 ٹیسٹ میچز میں 60 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔
پاکستان ٹیم کی 2021 کی ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز کے 2 میچز میں شاہین نے 18 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں 8 اور دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سلیکٹرز پی ایس ایل میں کارکردگی سے متاثر ہو کر محمد علی اور عبید شاہ کو بھی موقع دینا چاہتے ہیں۔۔
محمد عباس، عامر جمال اور خرم شہزاد بھی سلیکشن کی دوڑ میں شامل ہوں گے۔ شاہین کو بتا دیا گیا ہے کہ وہ دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ میں اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
پیسر کو ایشیائی پچز پر کھلایا جاتا رہا البتہ اب سازگار کنڈیشنز میں نظرانداز کرنے کا ارادہ ہے، وہ اپنے 34 ٹیسٹ کے کیریئر میں 126 وکٹیں لے چکے ہیں۔
ریڈ بال کے 22 کرکٹرز کا کیمپ 8 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گا، ٹیم 25 جولائی کو ویسٹ انڈیز میں 2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا آغاز کرے گی۔
انگلینڈ سے 3 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا آغاز19 اگست کو ہوگا۔