ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکم اکتوبر 2026 سے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کیے جانے کا امکان یے۔ پرتعیش طرزِ زندگی دکھانے والے نان فائلرز کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں۔
مہنگی گاڑیوں، بنگلوں، فارم ہاؤسز اور کشتیوں کی نمائش کرنے والے افراد زیر نگرانی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر دولت دکھانے والے نان فائلرز کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔
مشتبہ افراد سے آمدن اور اثاثوں کی تفصیلات طلب کی جائیں گی، ایف بی آر نے ایسے افراد کا جامع ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے اور نادرا نے شناخت اور معلومات کے حصول میں معاونت فراہم کی ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ افراد کی بینکنگ سرگرمیوں اور کریڈٹ کارڈ ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ اے ٹی ایم اور مالی لین دین کی معلومات بھی حاصل کر لی گئی ہیں، نان فائلرز کو 30 ستمبر تک ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا۔ 30 ستمبر کے بعد ٹیکس قوانین کے تحت باقاعدہ کارروائی شروع ہوگی۔