نیوزی لینڈ سے جیت کے بعد بین اسٹوکس اور گَس ایٹکنسن کیخلاف تحقیقات

بورڈ معاملے سے متعلق معلومات جمع کر رہا ہے: ای سی بی


ویب ڈیسک June 09, 2026

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے کہا ہے کہ وہ نائٹ کلب میں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اور فاسٹ بولر گَس ایٹکنسن کی موجوگی میں پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد ٹیم کے ضابطوں کی ممکنہ خلاف ورزی کی تحقیقات کر رہا ہے۔

نائٹ کلب میں یہ واقعہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 115 رنز سے فتح کے اگلے دن یعنی پیر کی علی الصبح پیش آیا۔

دوسری جانب رگبی کلب سیراسنز نے بھی تصدیق کی ہے انہیں بھی واقعے میں ملوث اپنے ایک اکیڈمی کے کھلاڑی سے متعلق اطلاع ملی ہے۔

ای سی بی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ بورڈ اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر ٹیم کے ضابطوں کی خلاف ورزی کے ایک معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

بیان کے مطابق پیر کی صبح جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت بین اسٹوکس اور گَس اٹکنسن ایک نائٹ کلب میں موجود تھے۔ بورڈ اس متعلق مزید معلومات جمع کر رہا ہے، جبکہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ کرکٹ ریگولیٹر کو بھی اس معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور جیسے ہی ممکن ہوا مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

یہ تحقیقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب گزشتہ ایشز سیریز کے دوران انگلینڈ کی ٹیم کلچر اور نظم و ضبط پر پہلے ہی تنقید ہو چکی تھی۔

اس نئے تنازعے کے بعد ٹیم کے ماحول اور انتظامی معاملات پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے کا امکان ہے، جبکہ بین اسٹوکس کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت، اور شاید اس سے آگے بھی، مشکوک ہو سکتی ہے۔