اسلام آباد:
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ایڈوائس پر پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل بل 2026 کی منظوری دے دی ہے۔
اس بل کی منظوری کے بعد ملک میں نرسنگ اور مڈوائفری کے شعبوں کی نگرانی اور پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے کے لیے نئے قانونی فریم ورک کا نفاذ ممکن ہو سکے گا۔
حکام کے مطابق آئینی تقاضے مکمل ہونے کے بعد بل کی سمری منظوری کے لیے ایوانِ صدر بھجوائی گئی تھی۔ دستاویزات کے مطابق بل کی منظوری کی تاریخ 4 جون 2026 درج کی گئی ہے۔
نئے قانون کے تحت نرسنگ اور مڈوائفری کے شعبوں کی ریگولیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا جبکہ پیشہ ور افراد کی رجسٹریشن، تربیتی نظام، تعلیمی معیار اور پیشہ ورانہ نگرانی کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس قانون سے نرسنگ کے شعبے میں معیار، شفافیت اور احتساب کو فروغ ملے گا جس کے نتیجے میں صحت کے نظام میں خدمات کی بہتری اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔