جنگ بندی کے بعد تیل کی قیمتوں میں سب سے بڑی کمی؛ خام تیل 7 ہفتوں کی کم ترین سطح پر

برینٹ کروڈ 4 فیصد کمی کے بعد 90.85 ڈالر جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 87.59 ڈالر فی بیرل پر گرگیا


ویب ڈیسک June 09, 2026

امریکی صدر کی درخواست پر ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 4 فیصد کمی کے بعد 90.85 ڈالر فی بیرل تک گر گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 4.1 فیصد کمی کے ساتھ 87.59 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

اس طرح برینٹ خام تیل 17 اپریل کے بعد اور ڈبلیو ٹی آئی 29 مئی کے بعد اپنی کم ترین سطح کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جسے خوش آئند کہا جا رہا ہے اور اس کا اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑے گا۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش نے پیٹرول کی قیمتوں کو پر لگا دیئے تھے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کرونا کے بعد سب سے بلند سطح پر پہنچ گئی تھیں۔

تاہم اب جنگ بندی کی بحالی اور سفارتی رابطوں میں پیش رفت کی اطلاعات کے بعد مارکیٹ میں خطرات کا پریمیم کم ہونا شروع ہوگیا ہے۔ امریکا اور ایران کسی طویل المدتی معاہدے تک پہنچ جاتے ہیں تو قیمتیں پرانی حالت میں بحال ہوجائیں گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تو یہ دعویٰ بھی کرچکے ہیں کہ پائیدار جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کی بندش ختم ہونے پر تیل کی قیمتیں پہلے سے بھی نہایت کم ہوجائیں گی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر گرانے کا الزام اور جوابی کارروائی کے اعلان نے مارکیٹ میں کچھ غیر یقینی صورتحال برقرار رکھی ہوئی ہے۔

تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ فوری طور پر بڑے پیمانے کی فوجی کارروائی کے امکانات محدود نظر آتے ہیں جس کے باعث قیمتوں میں کمی کا رجحان غالب رہا۔