پاکستان آرمی نے 31 ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپین شپ جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا

پاکستان آرمی نے 2 سلور اور 5 برانز میڈلز بھی جیتے


زبیر نذیر خان June 10, 2026

پاکستان آرمی نے 31 ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپین شپ جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا، سندھ نے دوسری اور خیبر پختونخواہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پشاور کے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ 4 روزہ چیمپین شپ میں پاکستان آرمی نے 10 میں سے 9 طلائی تمغے اپنے نام کرتے ہوئے واضح سبقت کے ساتھ ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا،پاکستان آرمی نے 2 سلور اور 5 برانز میڈلز بھی جیتے۔

دوسری پوزیشن پر براجمان ہونے والے سندھ کا واحد گولڈ میڈل  عباس اور اراحم نے انڈر 19 بوائز ڈبلز میں  پاکستان آرمی کے عباس اور ابدال کو مات دے کر اپنے نام کیا،سندھ نے 2 سلور اور6برانز میڈلز بھی جیتے۔

تیسری پوزیشن حاصل کرنے والےخیبر پختون خواہ نے 3سلور اور 3 برانز میڈلز  اپنے نام کیے، پنجاب نے2 سلور اور 4 برانز،پاکستان واپڈا نے ایک سلور،اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر نے 1،2 برانز میڈل پر قبضہ کیا،پاکستان آرمی نے بوائز اور گرلز کے انڈر 19 اور انڈر15 کے سنگلز اور ٹیم ایونٹس جیتے۔

پاکستان آرمی کی حلیمہ اور فاطمہ نے انڈر 19 گرلز ڈبلز ایونٹ بھی اپنے نام کیا،پاکستان آرمی کے ابدال محمد خان نے بوائز انڈر 19 سنگلز اور بوائز انڈر 15 سنگلز کے ٹائیٹل جیت کر 2 گولڈ اور بوائز انڈر19 ڈبلز کا فائنل کھیل کر ایک سلور میڈل اپنے نام کیا۔

پاکستان آرمی کی حور فواد نے گرلز انڈر 19 سنگلز کے فائنل میں پاکستان آرمی ہی کی حائقہ حسن کو ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کیا،حور فواد نے حوریہ کی شراکت میں گرلز انڈر 19 ڈبلز میں برانز میڈل بھی جیتا،پاکستان آرمی کی ایمان حسن نے پاکستان واپڈا کی علینہ خان کو شکست دے کر گرلز انڈر 15 سنگلز میں برانز میڈل اپنے نام کیا۔

اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی وزیراعلی خیبر پختونخواہ کے مشیر برائے کھیل تاج محمد ترند نے انعامات تقسیم کیے۔