دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے روس کے ساتھ شراکت داری مضبوط کریں گے، صدر مملکت

پاکستان اور روس نے باہمی احترام، اعتماد اورمشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات مستحکم کرنے کیلئےمسلسل کام کیا، آصف زرداری


ویب ڈیسک June 10, 2026
فوٹو: پی آئی ڈی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام اور خوش حالی کو فروغ دینے کے لیے روسی فیڈریشن کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے، پاکستان روس کو ایک عالمی طاقت اور قابل اعتماد شراکت دار کی حیثیت سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی فیڈریشن کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج روسی فیڈریشن کے قومی دن کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے، یہ تقریب روس کی قومی خودمختاری، اس کی شان دار تاریخ اور اس کے عوام کے عزم و حوصلے کی عکاس ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان، پاکستانی عوام اور اپنی جانب سے روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمر پیوٹن، روس کے سفیر البرٹ خوریف اور روسی عوام کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں صدر پیوٹن کے اس اہم کردار کا اعتراف کرنا چاہتا ہوں جس نے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد دی۔

انہوں نے کہا کہ برسوں کے دوران پاکستان اور روس نے باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کام کیا ہے، ان تعلقات کی بنیادوں کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت اور مدبرانہ قیادت نے بھی مضبوط کیا جنہوں نے سابق سوویت یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے وزرا اور اعلیٰ حکام کے درمیان باقاعدہ روابط اس بات کی عکاسی ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، جیسا کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے رواں سال کہا تھا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات کئی دہائیوں میں مثبت سطح پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو ایک عالمی طاقت اور قابل اعتماد شراکت دار کی حیثیت سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم خودمختار مساوات، مکالمے اور  گلوبل ساؤتھ کی مضبوط آواز کے مشترکہ نظریے پر یقین رکھتے ہیں، یہی اصول کثیرالجہتی فورمز میں ہمارے تعاون کی رہنمائی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی، صنعت، زراعت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ہمارا تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے، آج تقریباً 1,300 پاکستانی طلبہ روس میں زیر تعلیم ہیں جن میں سے کئی روسی وظائف پر تعلیم حاصل کررہے ہیں، یہ طلبہ ہمارے معاشروں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کے ذریعے اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان-روس تعلقات کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں۔

صدر مملکت نے اس موقع پر پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اس اہم شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے تاکہ ہمارے عوام کے ساتھ ساتھ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوش حالی کو فروغ مل سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ خوریف نے پاکستان آرمی کے ایم-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے روس کے قومی دن کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن روسی قوم کے عزم، وژن اور ثابت قدمی کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی صدر نے 2026 کو روسی عوام کے اتحاد کا سال قرار دیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ روس کی طاقت کثیرالجہتی تعاون اور شراکت داری میں مضمر ہے۔

روسی سفیر نے روس-یوکرین جنگ کے حوالے سے پاکستان کے متوازن اور غیر جانب دار مؤقف کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری روابط کو عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے ذریعے مزید استحکام اور وسعت دی جانی چاہیے۔

سفیر نے پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کے مزید مضبوط، خوش حال اور نتیجہ خیز ہونے کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

قبل ازیں تقریب کا آغاز روس اور پاکستان کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا اور تقریب میں روسی ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا۔