اسرائیل جنگ بندی سے مکر گیا؛ لبنان میں حملوں میں 50 سے زائد افراد جاں بحق

حزب اللہ کے جوابی حملوں میں بھی دو مختلف واقعات میں 2 اسرائیلی کمانڈرز ہلاک اور 15 اہلکار زخمی ہوگئے


ویب ڈیسک June 21, 2026
نیتن یاہو اتحادیوں کی مدد سے 21 دسمبر تک حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے، فوٹو: فائل

اسرائیل نے جنگ بندی تسلیم کرنے کے باوجود لبنان میں حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جس کے جواب میں حزب اللہ نے بھی صیہونی فوجی کو نشانہ بنایا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز اعلان کی جانے والی جنگ بندی چند گھنٹے بھی برقرار نہ رہ سکی۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر نئے حملوں کا آغاز کر دیا۔ ان حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 50 سے زائد ہوچکی ہیں جن میں زیادہ تر معصوم شہری ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے رات کے وقت جنوبی لبنان میں تعینات اسرائیلی فوجیوں پر 50 سے زائد راکٹ اور دیگر گولے داغے، جس کے جواب میں حزب اللہ کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں صرف ان مقامات پر کی جا رہی ہیں جہاں حزب اللہ کی سرگرمیاں موجود ہیں اور مارے جانے والے افراد حزب اللہ کے کمانڈرز یا ان کے سہولت کار ہیں۔

دوسری جانب حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے جمعہ کی سہ پہر سے جنگ بندی کی مکمل پابندی کی، تاہم رات کے وقت اسرائیلی فوج نے نبطیہ کے قریب علی طاہر پہاڑی پر پیش قدمی کی کوشش کی، جس پر اس کے جنگجوؤں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔

حزب اللہ نے گزشتہ 24 گھنٹے میں دو مقامات پر اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا جس میں دو کمانڈرز مارے گئے جب کہ 15 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ادھر ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کی لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر غیر معینہ مدت کے لیے بند کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی افواج سینٹ کام کا دعویٰ ہے کہ آج پورے آبنائے ہرمز کھلی رہی اور 55 آئل ٹینکرز اور تجارتی جہاز بحفاظت گزرے۔ یہ آبی گذرگاہ اب ایران کے نہیں بلکہ ہمارے کنٹرول میں ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کو امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد آج بروز اتوار بتاریخ 21 جون کو سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا جس میں پاکستانی وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع ہے۔