فیفا ورلڈکپ: کیپ وردے کی اسپین کے بعد یوراگوئے کیخلاف بھی شاندار کارکردگی

میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں نے فاتحانہ گول کی بھرپور کوشش کی لیکن مقابلہ 2-2 سے برابری پر ختم ہوا


اسپورٹس ڈیسک June 22, 2026

پہلی مرتبہ فیفا ورلڈکپ میں رسائی حاصل کرنے والی کیپ وردے کی مسلسل دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی نے سب کو حیران کردیا۔

اسپین کے خلاف اپنے پہلے میچ میں بغیر گول کے ڈرا کرنے کے بعد افریقی ٹیم نے ایک اور بڑے حریف کے سامنے زبردست مزاحمت دکھائی۔

میامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ مرحلے کے سنسنی خیز مقابلے میں کیپ وردے نے مضبوط حریف یوراگوئے کے خلاف میچ 2-2 گول سے برابر کردیا۔

کیپ وردے نے 21ویں منٹ میں برتری حاصل کی جب کیون پینا نے طویل فاصلے سے شاندار فری کک پر ٹیم کی ورلڈ کپ تاریخ کا پہلا گول اسکور کیا۔

یوراگوئے نے ہار نہیں مانی اور پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں میکسی آراوخو اور اگستین کانوبیو نے صرف چھ منٹ کے اندر دو گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلا دی۔

تاہم دوسرے ہاف میں کیپ وردے کے متبادل کھلاڑی ہیلیو واریلا نے دفاعی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور برابر کر دیا۔

میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں نے فاتحانہ گول کی بھرپور کوشش کی لیکن مقابلہ 2-2 سے برابری پر ختم ہوا۔

اس نتیجے کے بعد کیپ وردے کے راؤنڈ آف 32 میں رسائی کے امکانات برقرار ہیں اور اب اس کی نظریں سعودی عرب کے خلاف اگلے اہم میچ پر مرکوز ہیں۔