بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں ایک شیرنی نے تین ننھے شیروں کو جنم دیا ہے، جس کے بعد چڑیا گھر میں شیروں کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی۔
چڑیا گھر حکام کے مطابق سیمسن نامی شیرنی نے تین بچوں کو جنم دیا ہے۔ ماں اور تینوں بچے مکمل طور پر صحت مند ہیں اور انہیں خصوصی نگہداشت کے لیے انتہائی نگہداشت سیل میں رکھا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شیرنی کو خوراک میں قیمہ فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ نومولود بچے ماں کا دودھ پی رہے ہیں۔ جانوروں کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق اڑھائی ماہ قبل بھی شیر باغ چڑیا گھر میں مانو نامی شیرنی نے دو ننھے شیروں کو جنم دیا تھا۔ حالیہ پیدائشوں کے بعد چڑیا گھر میں شیروں کی تعداد بڑھ کر 19 ہو گئی ہے۔