کے پی میں بجٹ پاس نہ کرتے تو پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہوجاتی، سلمان اکرم راجا

یہ بات حقیقت ہے اگر ہم بجٹ پاس نہ کرتے تو صوبہ نہیں چل سکتا تھا، سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی


اسٹاف رپورٹر June 23, 2026

اسلام آباد:

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ وفاق نے صوبے سے جو پیسے مانگے ہیں اسے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات سے مشروط کیا گیا ہے، یہ فیصلہ بعد میں ہوگا کہ وفاق کو رقم ادا کرنی ہے یا نہیں، کے پی میں بجٹ پاس نہ کرنے کا مطلب تھا آپ نے اپنی حکومت کا خاتمہ کردیا۔

اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ نہیں لگتا جبر کا نظام اتنی جلدی  پیچھا چھوڑے گا۔ وزیر خزانہ سے ہمارے دوستوں کی ملاقات فاٹا سے متعلق تھی، فاٹا میں معاہدوں کے برخلاف ٹیکسز عائد کیے جا رہے ہیں، وزیر خزانہ سے اس کے علاوہ اور کسی موضوع پر بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے اگر ہم بجٹ پاس نہ کرتے تو صوبہ نہیں چل سکتا تھا، وفاق نے جو قرضے لیے ہیں اس کا سود ادا کرنا ہے اس مد میں صوبوں سے پیسے مانگے جا رہے ہیں، صوبوں نے اپنے اخراجات سے رقم نکال کر وفاق کو دینی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں جو ہوا یہ کوئی اچھی مثال قائم نہیں کی گئی وہاں جو نشستیں ہمیں ملی ان امیدواروں کو بھی توڑا گیا، آزاد کشمیر میں الیکشن سے متعلق ہماری مشاورت جاری ہے، اگر عوامی ایکشن کمیٹی کو الیکشن سے باہر رکھا جاتا ہے تو الیکشن کی کوئی حیثیت نہیں، ہمارے لوگوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ٹکٹوں کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں جو لوگ دوسری طرف چلے گئے ان کو پارٹی سے نکال دیں گے، پی ٹی آئی اور بانی کے نام پر ووٹ لے کر وفاداری تبدیل کرنا دھوکا دہی کہلاتا ہے، آزاد کشمیر میں جو ہورہا ہے یہ قابل تشویش بات ہے اس صورتحال پر ٹھنڈے دماغ سے غور و خوض ہونا چاہیئے، ہمارا کشمیر کاز متاثر ہوا بین الاقوامی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔