وفاق کی مالی حیثیت کمزور ہو گئی ہے لہذا اسے صوبائی حکومتوں کے ساتھ معاملات طے کرکے ان سے مالی سپورٹ حاصل کی ہے۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سندھ نے وفاق کو ضروریات پوری کرنے کے لیے فنڈز دیے ہیں۔ یہ صدر آصف زرداری کی دلچسپی سے کرائی گئی 18 ویں آئینی ترمیم کا کرشمہ ہے کہ وہ صوبے جو اس سے پہلے فنڈز کے لیے وفاق کے محتاج تھے، اب وفاق پر احسان کر رہے ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے زیر اقتدار صوبے خیبرپختون خوا نے بھی حامی بھری ہے۔
کے پی ملک کا واحد صوبہ ہے کہ جہاں دہشت گردی سب سے زیادہ ہے اور دہشت گردوں کے خاتمے کے آپریشن میں سب سے زیادہ نقصان سیکیورٹی اداروں کا ہو چکا ہے اور پاک فوج کے شہدا کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ یہ بھی تلخ حقیقت ہے کہ کے پی میں دہشت گردی کی وجہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی غلط پالیسیاں ہیں ، اس نے ٹی ٹی پی کو دوبارہ قدم جمانے کا موقعہ دیا تھا جس کے نتیجے میں افغانستان میں چھپے ہوئے ٹی ٹی پی کے دہشت گرد کے پی میں واپس آئے تھے بلکہ انھیں طالبان خان کہلانے والے پی ٹی آئی کے وزیر اعظم واپس لائے تھے کیونکہ وہ خود ان کے زبردست حامی تھے۔
کے پی کے سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے موجودہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے برعکس زیادہ جارحانہ پالیسی اختیار نہیں کی تھی،جس کی وجہ سے ان کی بانی سے ملاقات بھی ہوتی تھی اور اگر انھیں برقرار رکھا جاتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی اور وزیر اعلیٰ کے پی کو بار بار اڈیالہ جا کر ملاقات نہ ہونے پر ناکام واپس نہ آنا پڑتا۔ کے پی کے موجودہ وزیراعلیٰ نے جو رویہ اختیار کیا وہ کسی بھی لحاظ سے ذمے دارانہ نہیں متکبرانہ تھا۔
ملک میں اٹھارہویں ترمیم کی اب مخالفت بڑھ رہی ہے کہ جس کی وجہ سے صوبے مالی طور نہایت مضبوط اور انتظامی طور ضرورت سے زیادہ خود مختار ہو گئے ہیں اور وفاق مالی طور صوبوں کا محتاج ہوکر رہ گیا اور عوام کو کوئی ریلیف دینے کی پوزیشن میں نہیں رہا اور وہ اپنی ضروریات کے لیے صوبوں سے فنڈ لینے پر مجبور ہو گیا ہے۔ آج صوبے وفاق کو فنڈ دے رہے ہیں اور صوبہ کے پی وفاق کو آنکھیں دکھانے لگا ہے۔18 ویں ترمیم کی وجہ سے 12 سالوں میں وفاق پر کئی بار حملہ آور ہو چکی ہے۔
کے پی کے معتدل وزیر اعلیٰ کو ہٹا کر موجودہ وزیر اعلیٰ کو لایا گیا تھا جن کا مقصد اپنے بانی کی رہائی، دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں عدم تعاون تھا۔بلوچستان کے پی کی طرح مال دار صوبہ نہیں جہاں اکثر دہشت گردی بھی ہو رہی ہے مگر بلوچستان نے دفاعی ضروریات کے لیے فنڈز دینے سے انکار نہیں کیا جب کہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب ہے، اس نے سب سے زیادہ وفاق کو فنڈز دیے ہیں۔
وفاق کی بڑی کابینہ اور حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات حد سے زیادہ غیر ملکی دورے قومی خزانہ پر بوجھ بنے ہوئے ہیں مگر وفاق عملی طور اپنے اخراجات کم کرنے پر تیار نہیں ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر بھی اب کڑی تنقید ہو رہی ہے جس کی رقم ہر سال بڑھ رہی ہے اور ملک میں بھکاریوں کی تعداد بڑھانے کا الزام پیپلز پارٹی پر لگ رہا ہے جس کا سب سے زیادہ سیاسی فائدہ پیپلز پارٹی اٹھا رہی ہے۔
پنجاب میں افسرشاہی کے اخراجات، سندھ میں اعلیٰ سرکاری افسروں کے لیے مہنگی گاڑیوں سے زیادہ ملک کا دفاع سب سے زیادہ اہم ہے کیونکہ دفاع مضبوط ہے تو ملک محفوظ ہے اور پی پی کے بانی نے تو کہا تھا کہ ہم گھاس کھا کر بھی ملک کا دفاع کریں گے۔ کراچی سے سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی سندھ حکومت کو دفاعی ضروریات کے لیے سب سے زیادہ فنڈ فراہم کرنے چاہئیں تاکہ وفاق دفاعی معاملے میں کسی کا محتاج نہ ہو۔