وزارت داخلہ کا غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کی 11 جولائی سے گرفتاری کا حکم

وفاقی وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کیا، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے


نعیم اصغر June 28, 2026
فوٹو: فائل

وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو 10 جولائی تک ڈیڈ لائن دیتے ہوئے گرفتاری کا حکم دے دیا اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے 10 جولائی کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔

وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں غیرقانونی افغانیوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں غیرقانونی افغان باشندوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاری کا امکان ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 10 جولائی 2026 سے ایسے تمام افغان شہریوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا جو بغیر کسی قانونی دستاویز یا درست ویزا کے بغیر پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔

وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز اور اسلام آباد انتظامیہ کو 'غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے پلان (آئی ایف آر پی)'  پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریوں اور کارروائیوں کی رپورٹ وزارت داخلہ کو جمع کروانا لازمی ہوگا اور غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری کو حکومت کی جانب سے انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔