کراچی:
سندھ ہائیکورٹ نے 500 کلوگرام چاندی اسمگل کرنے کے مقدمے میں نامزد 3 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔
عدالت نے ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ ضمانت منظور ہونے والے ملزمان میں توقیر احمد، ذیشان شاہ اور محمد عرفان اقبال شامل ہیں۔ قبل ازیں ان ملزمان کی درخواست ضمانت امتناع منشیات کی خصوصی عدالت نے مسترد کر دی تھی جس کے بعد معاملہ ہائیکورٹ پہنچا۔
وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ کسٹمز حکام نے سرچ وارنٹ کے بغیر کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے موکل 1998 سے سونے اور چاندی کا کاروبار کرتے ہیں۔ یہ چاندی کئی گاہکوں کی تھی جو ان کے پاس پراسس کے لیے رکھی گئی تھی۔
پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وارنٹ اس لیے نہیں تھے کہ ہنگامی حالت میں کارروائی کرنی پڑی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسٹمز حکام کے پاس ٹھوس شواہد تھے کہ چاندی رات کو ہی دوسری جگہ منتقل کرنی تھی۔
بعد ازاں عدالت نے آبزرویشن دی کہ اس کیس میں الجھاؤ ہیں، مزید اور ٹھوس تفتیش کی ضرورت ہے۔ عدالت نے ملزمان کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔