پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال دورہ انگلینڈ کا امکان ہے جس پر بات چیت شروع ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام برائے 2023 سے 2027 میں پاکستان کی آخری سیریز مارچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف ہونی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ ہوں گے۔
آئی سی سی کے نئے پروگرام پر ان دنوں تمام ممالک آپس میں بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئی سی سی کی رواں ماہ اسکاٹ لینڈ میں شیڈول میٹنگ کے دوران مزید تبادلہ خیال متوقع ہے۔
پی سی بی نے ورلڈکپ 2027 کی تیاریوں کے لیے آئندہ برس انگلینڈ میں 5 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا بھی پلان بنا لیا ہے۔ مجوزہ سیریز میں ایک ٹیسٹ بھی شامل ہو گا، ابھی اس حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دیا جانا باقی ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ 2027 4 اکتوبر سے 21 نومبر تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر کھیلا جانا ہے۔
رواں سال 24ستمبر سے 3 اکتوبر تک پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم جاپان ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ میں حصہ لے گی۔
جاری سیزن میں پاکستان اکتوبر میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے سری لنکا کی میزبانی کرے گا، انگلینڈ کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز بھی ہونی ہے۔
سری لنکن ٹیم 2 ٹیسٹ کے لیے نومبر میں پاکستان کی مہمان بنے گی جبکہ آئرش سائیڈ سے ایک ٹیسٹ ہونا ہے۔
زمبابوے کو شامل کر کے ٹرائنگولر سیریز بھی کھیلی جائے گی۔
رواں ماہ 2 ٹیسٹ میچز کے لیے ویسٹ انڈیز جانے والی پاکستان ٹیم پھر انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ کی سیریز کھیلے گی۔
ون ڈے ایشیا کپ کی مجوزہ تاریخیں 18 جون سے 4 جولائی ہیں جس کی میزبانی بنگلادیش کرے گا۔
ایونٹ میں 13 میچز کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان کے ساتھ ایک ایسوسی ایٹ ٹیم بھی ایکشن میں ہوگی۔