صرف امریکا پر انحصار نہیں کرتے بھارت جیسے کئی ممالک ہمارے دوست ہیں؛ اسرائیل

غزہ جنگ میں بھی مودی سرکار نے کھل کر اسرائیل کی حمایت کی تھی


ویب ڈیسک July 06, 2026
اسرائیلی وزیراعظم مودی کی تعریف کرنے لگے

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کے تعلقات صرف امریکا کے ساتھ محدود نہیں بلکہ دنیا کے کئی ممالک اس کے قریبی شراکت دار ہیں جن میں بھارت بھی شامل ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا یہ بھی کہنا تھا کہ مودی حکومت کے ساتھ ساتھ بھارتی عوام کی بڑی تعداد بھی اسرائیل کی حمایت کرتی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے گزشتہ ماہ مجھے مشورہ دیا تھا کہ عوامی سطح پر امریکا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید سے گریز کریں۔

نیتن یاہو نے بقول جے ڈی وینس کو جواب بتایا کہ اگرچہ امریکا اسرائیل کا اہم اتحادی ہے تاہم اسرائیل کے دیگر مضبوط دوست بھی موجود ہیں اور وہ کسی ایک ملک پر مکمل انحصار نہیں کرتا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت ہمارے اہم دوستوں میں شامل ہے۔ ایک ارب 40 کروڑ آبادی والے اس ملک سے مجھے سوشل میڈیا پر مسلسل حمایت کے پیغامات موصول ہوتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں اسرائیل کے لیے عوامی حمایت موجود ہے۔

نیتن یاہو نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بعض ممالک میں اسرائیل پر تنقید کرنا ایک رجحان یا فیشن بن گیا ہے۔ جس کی بڑی وجہ عالمی میڈیا کی اسرائیل کے حوالے سے منفی کوریج ہے جس نے عوامی رائے کو متاثر کیا ہے۔