کراچی: کار اسنیچر اور منشیات فروش گرفتار، آئس، چھینی گئی گاڑی اور موبائل برآمد

برآمد ہونے والی سوزوکی آلٹو تھانہ ساحل میں درج ڈکیتی کے مقدمے میں چھینی گئی تھی


اسٹاف رپورٹر July 07, 2026

کراچی:

کراچی میں اے وی ایل سی نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ کار اسنیچر اور منشیات فروش کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے آئس، چھینی گئی گاڑی، موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق ایس ایس پی خالد مصطفیٰ کورائی کی ہدایت پر جمشید ڈویژن کے ڈی آئی او، انسپکٹر انار خان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد احمد ولد خادم حسین کو گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ فیروز آباد میں سندھ کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنس ایکٹ 2024 کے تحت مقدمہ پہلے ہی درج تھا۔

گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے 98 گرام آئس کرسٹل، ایک چوری شدہ سوزوکی آلٹو گاڑی اور ڈکیتی کے دوران چھینا گیا موبائل فون برآمد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی سوزوکی آلٹو تھانہ ساحل میں درج ڈکیتی کے مقدمے میں چھینی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول بھی برآمد ہوا جس پر تھانہ فیروز آباد میں اسلحہ ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کے دو مبینہ ساتھی، محمد عارف اور علی اکبر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئےجن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کی توقع ہے۔