برطانیہ کی پروڈکشن کمپنی پارٹیکل 6 نے اعلان کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ڈیجیٹل اداکارہ ٹلی نورووڈ اپنی پہلی فیچر فلم ’مس الائنڈ‘ میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔
کمپنی کے مطابق یہ فلم ایک منفرد ڈیجیٹل دنیا پر مبنی ہوگی جہاں شناخت، شعور اور مصنوعی ذہانت سے جڑے موضوعات کو مزاح اور ڈرامائی انداز میں پیش کیا جائے گا۔
پارٹیکل 6 کی بانی ایلین وین ڈیر ویلڈن نے بتایا کہ ٹلی نورووڈ کو ہزاروں مختلف مراحل سے گزار کر تیار کیا گیا ہے جبکہ فلم کی تیاری میں ہدایت کاروں، مصنفین، ایڈیٹرز اور اے آئی ماہرین سمیت روایتی فلم ساز بھی شامل ہوں گے۔
ان کے مطابق مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ اعلیٰ معیار کی فلم سازی میں اے آئی صرف انسانی مہارت کے ساتھ مل کر ہی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
دوسری جانب اس منصوبے نے فلمی صنعت میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اداکاروں کی ایک تنظیم پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ تخلیقی فنون کا مرکز انسان ہونا چاہیے اور مصنوعی کرداروں کو انسانی اداکاروں کا متبادل نہیں بنایا جا سکتا۔
اسی معاملے پر اے آئی کے استعمال سے متعلق قواعد ماضی میں ہالی ووڈ کی مزدور مذاکرات کا بھی اہم حصہ رہے تھے۔