آج کے بعد کوئی کارکن اڈیالہ جیل کے دھرنوں میں نہیں آئے گا، علیمہ خان کا اعلان

آئندہ دھرنوں میں ہم صرف تین بہنیں آئیں گی پارٹی کا کوئی بھی کارکن ہمارے ساتھ اڈیالہ نہیں آئے گا، علیمہ خان


اسٹاف رپورٹر July 07, 2026

راولپنڈی:

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نے ملاقات نہ ہونے پر فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا، دھرنے کے اختتام انہوں ںے آئندہ دھرنوں میں کارکنوں کو نہ بلانے کا اعلان کردیا اور کہا کہ آج کے بعد کوئی کارکن نہیں آئے گا صرف ہم تین بہنیں آئیں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان سے ملاقاتوں کا آج دن ہے، ایک دن قبل پی ٹی آئی کی جانب سے ملاقات کے لیے ناموں کی فہرست بھی اڈیالہ جیل کو دی گئی تھی تاہم حسب معمول ملاقات نہ ہونے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا۔

https://img.express.pk/media/videos/WhatsApp%20Video%202026-07-07%20at%204-08-40%20PM.mp4

پولیس نے فیکٹری ناکے سے آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں لگادیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

عمران خان کی بہنوں کی جانب سے کارکنوں کو کال دینے کے باوجود کارکنوں کی کم تعداد پہنچی۔ اڈیالہ روڈ پر قالین بچھائے گئے، کارکنوں ہدایت دی گئی کہ قالینوں پر بیٹھ جائیں۔

دھرنے میں کارکنوں کے درمیان مارکٹائی

دھرنے کے دوران کارکنان آپس میں الجھ پڑے جہاں خواتین نے بیچ بچاؤ کرایا لیکن بعد ازاں دوبارہ کارکنان کا آپس میں تصادم ہوا اور ایک نہتے کارکن کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق درجنوں کارکنوں نے ایک نہتے کارکن پر بدترین تشدد کیا اور اس کے کپڑے پھاڑ دیے تاہم دھرنے میں موجود خواتین نے بیچ بچاؤ کرایا۔

پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم اس وقت ہوا جب کارکنان کا ایک گروپ علیمہ خان سے ملنے آیا تو دوسرے گروپ نے انہیں آگے آنے سے روک دیا۔

کارکنان نے لڑائی جھگڑے کے دوران ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ دیے۔ دھرنے میں موجود خواتین اور دیگرافراد کی جانب سے بیچ بچاؤ کے تھوڑی دیر بعد پی ٹی آئی کارکن پھر لڑ پڑے اور دو کارکن آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، ایک کارکن نے مکے مار مار دوسرے کی عینک توڑ دی اور لڑائی کے دوران کارکنان کی جانب سے دوبارہ ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ دیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق بعد ازاں اڈیالہ جیل فیکٹری ناکے کے دھرنے سے دو کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، دونوں پر سرعام مبینہ طور پر منشیات استعمال کرنے کا الزام ہے اور گرفتار کارکنوں کو اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا گیا ہے۔

علیمہ خان کا اڈیالہ کے دھرنوں میں کارکنوں کو نہ بلانے کا اعلان

علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنوں میں آئندہ کارکنوں کو نہ بلانے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ آئندہ ہم تین بہنوں کے سوا کوئی بھی اڈیالہ جیل نہیں آئے گا، ملاقات کے لیے جن رہنماؤں کے نام ہوں گے وہ بےشک اڈیالہ آئیں آئندہ صرف 3 بہنیں اڈیالہ جیل آئیں گی۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہم نے آج اپنا لائحہ عمل دے دیا ہے، ہم نے اسٹریٹ موومنٹ اور تحریک کا لائحہ عمل آج دے دیا ہے، ہم نے واضح کیا ہے کہ اڈیالہ جیل ہم صرف تین بہنیں آئیں گی، پارٹی کا کوئی بھی کارکن ہمارے ساتھ اڈیالہ نہیں آئے گا، جو کارکنان یہاں آتے رہے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے اسٹریٹ موومنٹ کے پیغامات پہلے آچکے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پر اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق دوبارہ اجاگر کیا جائے گا، پارٹی لیڈران اپنے اپنے اضلاع میں اسٹریٹ موومنٹ کو لیڈ کریں گے اور پریشر بنائیں گے، پارٹی قیادت پر اب یہ فرض ہے کہ حکومت پر دباؤ بڑھائے، ہماری تحریک بانی سے ملاقات کی نہیں حقوق کی بحالی ہے،بانی کے حقوق بحال ہوں گے تو اس میں ہماری ملاقاتیں ہوں گی۔

انہوں ںے مزید کہا کہ تحریک چلانے اور اسٹریٹ موومنٹ چلانے کے لیے بانی نے لیڈر شپ کو پہلے پیغامات دئیے ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ان کے ٹویٹ ری ٹویٹ کریں گے۔

بشریٰ بی بی کی اہل خانہ سے ملاقات کرادی گئی

جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں بشری بی بی سے ان کی فیملی کی ملاقات کرادی گئی۔بشری بی بی سے بھابھی مہر النساء مانیکا، بیٹی مبشرہ شیخ نے ملاقات کی جو کہ کانفرنس روم میں کروائی گئی اور یہ تقریباً 40 منٹ جاری رہی، ملاقات میں بشری بی بی کی صحت سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔