فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کے ہاتھوں 2-3 سے ڈرامائی شکست کے بعد مصر کے فارورڈ مصطفیٰ زیکو نے ایونٹ کو فکس قرار دے دیا۔
مصطفیٰ زیکو نے میچ آفیشلز پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کا رخ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے حق میں موڑا جا رہا ہے۔
مصر نے میچ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے دوسرے ہاف کے آخری حصے تک 0-2 کی برتری حاصل کر رکھی تھی لیکن لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے واپسی کرتے ہوئے مسلسل تین گول کیے اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ زیکو نے کہا کہ ریفری کا رویہ ابتداء ہی سے مصر کے خلاف تھا۔
ان کے مطابق ریفری نے ایک پورے ملک کی محنت ضائع کر دی اور واضح ناانصافی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ٹورنامنٹ پہلے سے ہی کسی مخصوص ٹیم کے حق میں ترتیب دیا گیا ہو۔
مصر کے اعتراضات دو اہم فیصلوں پر تھے۔ جن میں پہلا، زیکو کا ایک گول وی اے آر کے ذریعے فاؤل قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، جسے مصری ٹیم نے غلط فیصلہ قرار دیا۔
بعد ازاں اضافی وقت میں محمد صلاح کے پنالٹی ایریا میں گرنے پر مصر نے پنالٹی کا مطالبہ کیا تاہم ریفری نے کھیل جاری رکھا۔
چند لمحوں بعد اینزو فرنانڈیز نے فیصلہ کن گول کرکے ارجنٹینا کو فتح دلا دی جس کے بعد مصری کھلاڑیوں اور شائقین میں شدید مایوسی پھیل گئی۔