لاہور:
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تعلیمی پروگرام بنو قابل اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا کلاؤڈ کے اشتراک سے "اے آئی ہیکاتھون 2026" کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں الخدمت ہیڈ آفس لاہور میں منعقدہ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، بنو قابل پاکستان کے چیئرمین نوید علی بیگ، چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد اقبال، کونکس سلوشنز کے شریک بانی اور علی بابا کلاؤڈ پاکستان کے آتھرائزڈ پارٹنر ہینک شاؤ، علی بابا کلاؤڈ کی ہیڈ آف مارکیٹنگ (مڈل ایسٹ، ترکیہ اور افریقہ) یِلان ژوانگ سمیت علی بابا کلاؤڈ، کوگنائزر پاکستان، جامعات، انکیوبیشن سینٹرز، صنعت، کارپوریٹ سیکٹر اور آئی ٹی شعبے سے وابستہ ملکی و غیرملکی ماہرین نے شرکت کی۔
چیئرمین بنو قابل پاکستان نوید علی بیگ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ "اے آئی ہیکاتھون 2026" پاکستان کے بڑے مصنوعی ذہانت کے مقابلوں میں شمار ہوگا، جس کا مقصد طلبہ، سافٹ ویئر انجینئرز، محققین، ڈویلپرز، کاروباری افراد، اے آئی ماہرین اور ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس کو ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ حقیقی مسائل کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی قابلِ عمل اور اختراعی حل پیش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت مستقبل کی عالمی معیشت، صنعت اور روزگار کا بنیادی محرک بن چکی ہے، اس لیے پاکستانی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، اختراع اور عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنو قابل اور علی بابا کلاؤڈ کا یہ اشتراک پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور انہیں ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔
نوید علی بیگ نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن صرف فلاحی خدمات تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، بنو قابل کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں کو مفت آئی ٹی، ڈیجیٹل اسکلز اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ علی بابا کلاؤڈ کے ساتھ یہ شراکت داری انہیں عالمی معیار کی ٹیکنالوجی، بین الاقوامی روابط اور نئے مواقع تک رسائی فراہم کرے گی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر بنو قابل پاکستان شاہد اقبال نے کہا کہ ہیکاتھون کے شرکاء کو عالمی معیار کے ماہرین کی رہنمائی، جدید تکنیکی تربیت، کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور عملی تجربات کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین منصوبوں کو سرمایہ کاروں، صنعتی اداروں اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی پارٹنرز کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور عالمی سطح پر متعارف ہونے کے مواقع میسر آسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اے آئی ہیکاتھون 2026" پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے مصنوعی ذہانت کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک منفرد عالمی پلیٹ فارم ثابت ہوگا، جہاں ملک بھر سے طلبہ، سافٹ ویئر انجینئرز، اے آئی ماہرین، محققین، ڈویلپرز اور ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حقیقی مسائل کے قابلِ عمل اور اختراعی حل پیش کریں گے۔
علی بابا کلاؤڈ پاکستان کے آتھرائزڈ پارٹنر اور کونکس سلوشنز کے شریک بانی ہینک شاؤ نے کہا کہ علی بابا کلاؤڈ جدید مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ ٹیکنالوجیز کے ذریعے دنیا بھر میں ڈیجیٹل اختراع کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنو قابل کے ساتھ یہ شراکت پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی، مینٹورنگ اور بین الاقوامی مواقع سے جوڑنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے ذریعے وہ مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔
انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن اور بنو قابل کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مصنوعی ذہانت مستقبل کی معیشت اور ٹیکنالوجی کا اہم ترین شعبہ ہے اور بین الاقوامی اشتراک کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں اور مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ "اے آئی ہیکاتھون 2026" پاکستان میں مصنوعی ذہانت، تحقیق، اختراع، کاروباری سرگرمیوں اور ٹیکنالوجی پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔