ٹرمپ کا شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی فہرست سے نکالنے کا عندیہ

لبنان میں حزب اللہ کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے میں بھی شام معاون ثابت ہو سکتا ہے


ویب ڈیسک July 08, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر احمد الشرع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شام میں حالات کافی حد تک مستحکم ہو چکے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیٹو اجلاس کے موقع پر شامی صدر احمد الشرع سے ملاقات کی اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیئے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی امریکی فہرست سے نکالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

امریکی صدر کے بقول اس فیصلے سے شام کی عالمی برادری میں واپسی، سرمایہ کاری اور معاشی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ شام اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مستحکم ہے اور امریکا نے اس پر عائد متعدد اقتصادی پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شام خطے میں استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور وہ لبنان میں حزب اللہ کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں اگر حالات اسی سمت میں آگے بڑھتے رہے تو اسرائیل بھی لبنان سے اپنی فوج واپس بلا لے گا کیونکہ سرحدی کشیدگی میں کمی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔