لاہور؛ تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا، فوٹیج بھی سامنے آگئی

پولیس نے تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، لواحقین کا احتجاج جاری


نعمان شیخ July 09, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

لاہور کے علاقے شمالی چھاؤنی میں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، جس کی کلوز سرکٹ فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔

فوٹیج میں دو گاڑیوں کو ریس لگاتے دیکھا جا سکتا ہے اور اس دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے دو موٹر سائیکلوں کو روند ڈالا۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 14 سالہ سبحان جاں بحق جبکہ دو لڑکے زخمی ہوئے ہیں اور پولیس نے تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مقدمے میں بتایا گیا کہ نامعلوم لڑکی نے تیز رفتار اور غفلت کے باعث موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری، واقعہ تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں پیش آیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

کارسواروں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا، متاثرہ خاندان

دوسری جانب ریس لگاتی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان سبحان کے اہل خانہ کا احتجاج 24 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کار سواروں کو گرفتار نہیں کیا گیا اور گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔

حادثے میں سبحان کے ساتھ ان کے دوست ایان اور ابوبکر شدید زخمی ہوئے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا لیکن تاحال ملزمان نہیں پکڑے جاسکے۔