آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی تاریخ میں پہلی بار ٹورنامنٹ کا ایک میچ آسٹریلیا سے باہر کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق 2026-27 سیزن کا افتتاحی میچ 12 دسمبر کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پرتھ اسکارچرز اور میلبرن رینیگیڈز کے درمیان ہوگا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اس تاریخی میچ کا باضابطہ اعلان میلبرن میں ایک تقریب کے دوران کیا جس میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی شرکت کی۔
دونوں ممالک کی حکومتوں نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون کیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کو امید ہے کہ یہ اقدام مستقبل میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ممکنہ غیر ملکی میچز کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے۔
دونوں ٹیمیں شیفیلڈ شیلڈ کے چھٹے راؤنڈ کے بعد بھارت روانہ ہوں گی اور چنئی میں چند روز کی تیاری کے بعد میدان میں اتریں گی۔
کرکٹ آسٹریلیا کو توقع ہے کہ 35 ہزار شائقین کی گنجائش رکھنے والا اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھر جائے گا، کیونکہ بھارت میں بھی بگ بیش لیگ کو خاصی مقبولیت حاصل ہے۔
ایونٹ کے مکمل شیڈول اور ٹکٹوں کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔