براڈ بینڈ انفرااسٹرکچر کی توسیع کے لیے رواں سال انٹرنیٹ سروسز کے 47 کلاس لائسنس جاری

لاہور میں سب سے زیادہ 7 انٹرنیٹ کلاس لائسنس جاری کیے گئے، ضلعی سطح پر لائسنس میں سرگودھا دوسرے نمبر پر رہا


ارشاد انصاری July 10, 2026

اسلام آباد:

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں براڈ بینڈ انفرااسٹرکچر کی توسیع کے لیے رواں سال ضلعی سطح پر انٹرنیٹ سروسز کے 47 کلاس لائسنس جاری کر دیے.

پی ٹی اے کی دستاویزات کے مطابق رواں سال فروری میں ضلع کی سطح کا پہلا انٹرنیٹ لائسنس جاری کیا گیا، جبکہ مارچ 2026ء کے دوران 12 نئے ضلعی سطح کے انٹرنیٹ لائسنس جاری کیے گئے۔ مئی 2026ء میں مزید 14 اور جون 2026ء میں ریکارڈ 20 ضلعی سطح کے انٹرنیٹ لائسنس جاری کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 7 انٹرنیٹ کلاس لائسنس جاری کیے گئے جبکہ ضلعی سطح پر انٹرنیٹ لائسنس کی درخواستوں کے حوالے سے سرگودھا دوسرے نمبر پر رہا۔ اسی طرح فیصل آباد اور اسلام آباد میں چار، چار ضلعی سطح کے انٹرنیٹ لائسنس جاری کیے گئے۔  پی ٹی اے نے جنوبی وزیرستان اور لوئر چترال میں بھی لائسنس جاری کیے ہیں

دستاویزات کے مطابق ان نئے لائسنسوں سے ملک میں مسابقت میں اضافہ ہوگا اور آخری صارف تک انٹرنیٹ کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے گی جبکہ لائسنسنگ کے عمل سے دیہی اور کم سہولت یافتہ علاقوں میں ڈیجیٹل رابطوں کو فروغ ملے گا۔

مزید یہ کہ نئے لائسنس مقامی سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔