کراچی ائیرپورٹ؛ آن لائن فراڈ نیٹ ورک سے مبینہ تعلق کی بنا پر خاتون مسافر آف لوڈ

خاتون نے جعلی پلیٹ فارمزکے ذریعے شہریوں سے سرمایہ کاری کے نام پر آن لائن فراڈ کا نشانہ بنانے کا اعتراف کیا، ترجمان


آفتاب خان July 10, 2026
فوٹو: ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے سری لنکا جانے والی مسافر خاتون کو مبینہ طور پر آن لائن فراڈ نیٹ ورک سے تعلق کی بنا پر جناح ٹرمینل ائیرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کےدوران سری لنکا جانے والی خاتون مسافر کو آف لوڈ کیا اور دوران امیگریشن کلیئرنس مشکوک سفری حالات پر خاتون مسافر کو تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے روک لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق خاتون مسافر نے انکشاف کیا کہ وہ قبل ازیں کمبوڈیا میں چینی شہریوں کے زیر انتظام آن لائن اسکیمنگ نیٹ ورک میں کام کر چکی ہے،کمبوڈیا جانے کے لیے ملازمت کا جھانسہ دے کر اس سے 2 لاکھ روپے وصول کیے گئے جبکہ ویزا اور ٹکٹ کا انتظام بھی اسی گروہ نے کیا۔

آف لوڈ ہونے والی خاتون نےاعتراف کیا کہ جعلی پلیٹ فارمزکے ذریعے مصری شہریوں کو سرمایہ کاری کےنام پر آن لائن فراڈ کانشانہ بنایا جاتا تھا، چینی آپریٹرز اہداف مکمل کرنے پر تنخواہ اور کمیشن ادا کرتے تھے۔

خاتون مسافر نے مزید اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ایچ آر کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں اور متعدد پاکستانی شہریوں کو اسی کمپنی میں بھرتی کیا، انہوں نے بتایا کہ اس کا دوست وکٹر اسے سری لنکا بلا رہا تھا، جہاں اسی نوعیت کی آن لائن اسکیمنگ کمپنی میں ملازمت کی پیش کش کی گئی تھی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق موبائل فون کے تجزیے سے آن لائن فراڈ، جعلی پلیٹ فارمز، ٹیلیگرام چیٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے ہیں، ابتدائی تحقیقات سےانسانی اسمگلنگ، بین الاقوامی سائبر فراڈ اور منظم ٹرانس نیشنل جرائم سےممکنہ تعلقات سامنے آئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ آف لوڈ کی گئی خاتون مسافر کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کےلیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔