اسلام آباد میں چین سے تعلق رکھنے والی خاتون نے خواتین پولیس اہلکاروں مبینہ تشدد کا الزام عائد کیا ہے، چینی خاتون کی چیخ و پکار اور پولیس کی جانب سے تشدد کے الزامات کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ خواتین پولیس اہلکاروں نے تھانہ کوہسار میں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکی خاتون نے لین دین کے معاملے پر پولیس کو خود سیکٹر ایف-6 بلایا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے چینی لڑکی کو داد رسی کے بجائے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
ویڈیو میں خواتین پولیس اہلکاروں کو چینی خاتون کو ڈانٹتے دیکھا جاسکتا ہے، جس پر ایس ایس پی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے ایس پی کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش غیر ملکی خاتون کی ویڈیو کے معاملے پر ڈی آئی جی اسلام آباد نے فوری نوٹس لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کو شفاف انکوائری کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ قصوروار ثابت ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق معاملہ سول نوعیت کا ہے، دونوں فریقین میں افہام و تفہیم کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔