کراچی؛ فائرنگ کے  مختلف واقعات میں پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے 2 کارکنان سمیت 5 افراد زخمی

فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا


اسٹاف رپورٹر July 11, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے 2 کارکنان سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ۔

 تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی فور کے چورنگی سیکٹر فائیو اے ٹو کے قریب اسٹیٹ ایجنسی پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے ، فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

 ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی خواجہ اجمیر نگری پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر کے شواہد حاصل کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا تاہم زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

 انھوں ںے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اعتماد اسٹیٹ ایجنسی میں 5 افراد موجود تھے کہ اس دوران 2 مسلح ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جو موقع سے فرار ہوگئے ۔ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ پلاٹوں کے تنازعے کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے جس حتمی طور پر مزید مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

 ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری فرخ ہاشمی کے مطابق واقعہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت 55 سالہ رانا صفدر اور 40 سالہ جنید کے نام سے کی گئی ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کا تعلق پیپلز پارٹی یوتھ ونگ سے بتایا جاتا ہے اور پولیس کی جانب سے رات گئے تک تفتیش کا عمل جاری تھا۔

 پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی محمد پور پولیس چوکی پراچہ قبرستان کے قریب فائرنگ سے نوجوان گردن کے قریب گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا ، پیر آباد پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی شناخت 18 سالہ سفیان کے نام سے کی گئی فائرنگ کا واقعہ زاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے۔

 ناظم آباد اٹک پمپ کے قریب فائرنگ سے 36 سالہ ساجد نامی شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا ، پولیس کے مطابق واقعہ زاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔

 دریں اثنا اورنگی ٹاؤن کے علاقے گلشن بہار قبرستان کے قریب فائرنگ سے 17 سالہ منیب زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا ، چھیپا حکام کے مطابق واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ہاتھ پر لگنے کا بتایا جا رہا جس کی پولیس معلومات حاصل کر رہی ہے ۔