بھارتی ریاست راجستھان میں اپنی ماں کو قتل کرنے والی قانون کی طالبہ سے تفتیش کے دوران دل دہلا دینے والے انکشافات ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق جے پور پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ آیوشی شرما ایل ایل بی کے آخری سال کی طالبہ ہے۔ اس نے والدہ کو قتل کرانے کے لیے کزن بلرام کے ساتھ مل کر تقریباً 7 لاکھ روپے میں 5 کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کی تھیں۔
قتل کی سازش ایسے تیار کی گئی تھی کہ وہ حادثہ لگے۔ نیرج شرما جب اپنے چھوٹے بیٹے کو کوچنگ سینٹر چھوڑ کر واپس آ رہی تھیں تو ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں کچل دیا۔
تحقیقات میں یہ پہلو بھی زیر غور ہے کہ آیوشی اس سے قبل بھی اپنی والدہ پر حملہ کر چکی تھی اور کچھ عرصہ اپنے چچا اور کزن کے ساتھ مقیم رہی۔
پولیس نے ان اطلاعات کی بھی جانچ شروع کر دی ہے کہ آیوشی اور بلرام کے درمیان قریبی تعلقات تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے حادثہ دکھانے کی کوشش کی گئی جبکہ اس سے ایک ماہ قبل بھی مقتولہ کو قتل کرنے کی مبینہ کوشش ناکام رہی تھی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ بیٹی آیوشی کا مقصد اپنی والدہ کی وفات کے بعد ہمدردانہ بنیاد پر سرکاری ملازمت حاصل کرنا تھا اور اس ی نظر خاندانی جائیداد پر بھی تھی۔
آیوشی کی ماں کا نام نیرج شرما تھا جو جے پور کی ایک عدالت میں کلرک تھیں اور ان کو یہ ملازمت شوہر وجے شرما کے انتقال کے بعد ملی تھی۔
جس پر بیٹی آیوشی نے سوچا کہ اگر میں اپنی ماں کو قتل کردوں تو یہ سرکاری ملازمت مجھے مل جائے گی اور ساتھ فیملی پراپرٹی بھی مل جائے گی۔
ابھی ماں کی قتل کی تفتیش جاری ہی تھی کہ لڑکی آیوشی کے ماموں نے نیا انکشاف کردیا جس پر پولیس اب لڑکی کے والد کی گزشتہ سال ہونے والی موت کا بھی دوبارہ جائزہ لے رہی ہے۔
آیوشی کے ماموں راکیش شرما نے دعویٰ کیا کہ ان کی بھانجی اپنے والد وجے شرما کی موت میں بھی ملوث ہوسکتی ہے۔
انھوں نے پولیس کو بتایا کہ آیوشی اپنے والد کو فالج کے بعد اور اپنے کزن بلرام کے ساتھ ایک نامعلوم اسپتال لے گئی تھی جہاں علاج سے خاندان کو کئی ماہ تک لاعلم رکھا گیا تھا۔
ماموں راکیش شرما کا الزام ہے کہ جب اہلِ خانہ نے بعد میں وجے شرما کو دوسرے اسپتال منتقل کیا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے کئی اہم اعضاء متاثر ہو چکے تھے۔
انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آیوشی نے علاج کے دوران اپنے والد کی خوراک کی نالی (فیڈنگ ٹیوب) ہٹا دی تھی جس کے باعث ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔
پولیس نے واقعے میں ملوث پانچ مبینہ کرائے کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا جبکہ آیوشی کے کزن بلرام کی تلاش جاری ہے۔ آیوشی، بلرام اور بلرام کے والد موہن اس مبینہ سازش کے مرکزی کردار ہیں۔