امریکا میں کیے گئے ایک تازہ سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ خاص طور پر نوجوانوں اور ڈیموکریٹک ووٹرز میں اسرائیل کے بارے میں مثبت رائے میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ بعض حلقوں میں حماس کے لیے نرم گوشہ بھی بڑھا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ تازہ رجحان پیو ریسرچ سینٹر کے تازہ سروے میں سامنے آیا ہے جس نے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
سروے میں 18 سے 29 سال عمر کے تقریباً 13 فیصد امریکی نوجوان حماس کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔ البتہ 30 سے 49 سال کے افراد میں یہ شرح 11 فیصد جبکہ 50 سے 64 سال کی عمر کے افراد میں 6 فیصد رہی۔
سیاسی وابستگی کے لحاظ سے 13 فیصد ڈیموکریٹس نے حماس کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا جبکہ ریپبلکنز میں یہ شرح 6 فیصد رہی۔ نوجوان ڈیموکریٹس میں ہر چھ میں سے ایک فرد نے حماس کے حق میں رائے دی جب کہ نوجوان ریپبلکنز میں یہ تناسب تقریباً ہر نو میں سے ایک رہا۔
سروے میں مذہبی بنیاد پر بھی آراء کا جائزہ لیا گیا۔ 44 فیصد مسلم امریکیوں نے حماس کے بارے میں مثبت رائے ظاہر کی جو 2024 کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے برعکس یہودی امریکیوں میں صرف 2 فیصد اور وائٹ ایونجیلیکل پروٹسٹنٹس میں 4 فیصد نے حماس کے حق میں رائے دی۔
سروے کے مطابق امریکی عوام میں اسرائیل کے بارے میں بھی منفی تاثر بڑھ رہا ہے 2022 میں 25 فیصد امریکی اسرائیلی عوام کے بارے میں منفی رائے رکھتے تھے جو اب بڑھ کر 42 فیصد ہو گئی جبکہ اسرائیلی عوام کے بارے میں مثبت رائے 67 فیصد سے کم ہو کر 52 فیصد رہ گئی۔
اسی طرح اسرائیلی حکومت کے بارے میں منفی رائے رکھنے والوں کی شرح 2022 میں 43 فیصد تھی جو تازہ سروے میں بڑھ کر 62 فیصد تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب فلسطینی عوام کے بارے میں امریکیوں کی رائے گزشتہ کئی برسوں سے نسبتاً مستحکم رہی ہے۔ 50 فیصد امریکی فلسطینی عوام کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں، جو تقریباً اسرائیلی عوام کے لیے مجموعی حمایت کے برابر ہے۔
نوجوان امریکیوں میں فلسطینیوں کے لیے ہمدردی زیادہ دیکھی گئی۔ 30 سال سے کم عمر افراد میں 58 فیصد نے فلسطینیوں کے حق میں مثبت رائے دی جبکہ 32 فیصد نے اسرائیلیوں کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا۔ نوجوان ڈیموکریٹس میں 72 فیصد فلسطینیوں اور 26 فیصد اسرائیلیوں کے حق میں نظر آئے۔
سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ اگرچہ ریپبلکن ووٹر اب بھی مجموعی طور پر اسرائیل کے زیادہ حامی ہیں، تاہم ان میں بھی 2023 کے بعد اسرائیل کے لیے حمایت میں کمی دیکھی گئی ہے خاص طور پر نوجوان ریپبلکنز اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے بارے میں تقریباً یکساں رائے رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ پیو ریسرچ سینٹر نے یہ سروے مئی 2026 میں امریکا کے 12 ہزار 574 بالغ افراد سے کیا جس میں غلطی کا ممکنہ تناسب 1.3 فیصد بتایا گیا ہے۔ سروے کے نتائج اس وسیع رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں کہ غزہ جنگ کے بعد امریکی عوام، بالخصوص نوجوان نسل، کی رائے میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے۔