سینیٹ کا 362واں سیشن، 6 ارکان ایک دن بھی اجلاس میں حاضر نہ ہوئے

اجلاس میں قائد ایوان اسحاق ڈار صرف ایک دن شریک ہوئے جب کہ قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس نے پانچ روز شرکت کی


نعیم اصغر July 12, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

سینیٹ کا 362واں سیشن گزشتہ ماہ منعقد ہوا جس میں 6 ارکان سینیٹ ایک دن بھی اجلاس میں حاضر نہ ہوئے، 10 سے 18جون تک چلنے والے سینیٹ اجلاس میں 32 اراکین سینیٹ نے تمام اجلاس میں حاضری دی۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق اجلاس کے پہلے دن اراکین سینیٹ کی حاضری سب سے زیادہ رہی، 95 میں سے 72 سینیٹرز اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس کی پانچویں اور چھٹی نشست میں اراکین کی حاضری سب سے کم رہی جب کہ 95 میں سے صرف 64 سینٹرز حاضر ہوئے۔

فافن کے مطابق اجلاس کے دوران 63 سینیٹرز ایسے تھے جو کم از کم ایک دن مکمل غیر حاضر رہے، ان کی تعداد 66 فیصد بنتی ہے، ایک وفاقی وزیر اجلاس میں ایک دن بھی شریک نہیں ہوئے۔

فافن کے مطابق سینیٹ اجلاس میں قائد ایوان اسحاق ڈار صرف ایک دن شریک ہوئے جب کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس نے پانچ روز اجلاس میں شرکت کی۔