کراچی؛ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 3 سالہ بچی سمیت 3 افراد جاں بحق

موچکو تھانے کے قریب حادثے میں جاں بحق دو افراد اور ایک زخمی کی شناخت نہیں ہوسکی، ایس ایچ او سہیل فاروق


عامر خان July 12, 2026
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے بلدیہ ناردرن بائی پاس اور اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 میں الگ الگ واقعات میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ساڑھے تین سال بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بلدیہ نادرن بائی پاس بائیکو پمپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

موچکو تھانہ کی حدود بلدیہ  نادرن بائی پاس  پائیکو پمپ کے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے۔

ایس ایچ او تھانہ موچکو سہیل فاروق نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے موٹر سائیکل سوار کٹو گوٹھ سے آرہے تھے کہ تیز رفتار گاڑی نے انہیں نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی جیب سے کوئی ایسی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے ان کی شناخت ہوسکے جبکہ زخمی شخص بھی بے ہوش ہے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ایس ایچ او نے کہا کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

چھیپا ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 صدیق اکبر کالونی وقارالعلوم مسجد کے قریب ٹریفک حادثے راہگیر بچی جاں بحق ہوئیں، جنہیں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔

چھیپا ذرائع نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت ساڑھے تین سالہ آیت نور دختر اللہ رکھا کے نام سے ہوئی ہے۔