اقوام متحدہ کی درخواست، وفاق نے خوراک و ادویات افغانستان منتقل کرنے کی اجازت دے دی

اقوام متحدہ کے امدادی سامان کی روانگی کیلیے این اوسی جاری کردیا ہے



کراچی/ خیبر:

پاکستان نے افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جاری امدادی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امدادی سامان میں شامل خوراک اور ادویات کو طورخم کے راستے افغانستان منتقل کرنے کی باضابطہ اجازت دیدی ۔

اقوام متحدہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک ہزار کنٹینرز پر مشتمل امدادی خوراک ایک ہفتے کے دوران مرحلہ وار افغانستان بھیجے گا۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ روز25 کنٹینرز طورخم بارڈر پہنچے جن میں سے 21 کنٹینرز کی کسٹم کلیئرنس کا عمل مکمل کر لیا گیا، انھیں آج افغان حکام کے حوالے کر کے افغانستان روانہ کیا جائیگا۔

وزارت خارجہ کے مطابق وفاقی حکومت نے اقوام متحدہ کے امدادی سامان کی روانگی کیلیے این اوسی جاری کردیا ہے۔

یہ منظوری نائب وزیرِ اعظم ووزیرِخارجہ کی خصوصی ہدایت اور حتمی منظوری کے بعددی گئی ہے۔