لاہور؛ خربوزے چوری کرتے پکڑے گئے ملزمان نے 2 ماہ بعد شہری کو قتل کر دیا

ایس ایچ او ہڈیارہ نے ٹیم کے ہمراہ مرکزی ملزم اظہر سمیت 5 ملزمان گرفتار کر لیے


سید مشرف شاہ July 14, 2026

لاہور:

ہڈیارہ کے علاقے میں کھیتوں سے خربوزے چوری کرتے پکڑے گئے ملزمان نے دو ماہ بعد شہری کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر دیا۔

اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ نفری کے ہمراہ فوری جائے وقوعہ پر پہنچے، ایس ایچ او ہڈیارہ نے ٹیم کے ہمراہ مرکزی ملزم اظہر سمیت 5 ملزمان گرفتار کر لیے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دی گئی۔

ایس پی کینٹ کے مطابق پولیس اور فرانزک ٹیم کے موقع سے شواہد اکھٹے کر لیے، دو ماہ قبل مقتول نے اپنے کھیتوں سے ملزمان اظہر اور مظہر کو خربوزے چوری کرتے ہوئے پکڑا تھا، اسی رنجش پر ملزمان نے شاہ نواز کو تیز دھار آلہ سے قتل کیا۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ مقتول کے ماموں بشارت علی کی مدعیت میں نامزد ملزم اظہر، مظہر اور 4 کس نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے حوالے انوسٹی گیشن کر دیا گیا۔

ایس پی کینٹ کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔