امریکا اور اسرائیل کی دھمکی کے بعد ایران کے 2 جزیرے اور ایک شہر دھماکوں سے لرز اُٹھا

ایران کے شہر اندیمشک اور دو جزیروں کیش اور قشم میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں


ویب ڈیسک July 14, 2026
ایران میں تین مختلف مقامات پر دھماکوں کی آواز سنی گئی

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے اور ایران کی آبنائے ہرمز میں واقع اہم جزیرے قشم پر بھی دھماکے کی آواز سنی گئی۔

امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے ایران پر حملوں کی دھمکی کے بعد تین مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق آبنائے ہرمز میں واقع قشم جزیرے پر زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔

دھماکے کی نوعیت اور اسباب فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکے تاہم گورنر کے دفتر نے بتایا ہے کہ دھماکا امریکی گولہ گرنے کے باعث ہوا۔

ایرانی حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ قشم جزیرہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع ایران کا سب سے بڑا جزیرہ ہے جہاں ایرانی بحریہ اور پاسداران انقلاب کی اہم تنصیبات موجود ہیں۔

ادھر ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق جزیرہ کیش پر بھی پانی اور بجلی کی ایک تنصیب کے قریب ایک گولہ پھٹ گیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق کیش واٹر اینڈ پاور انجینئرنگ کمپنی نے کہا ہے کہ امریکی حملے کے دوران ایک گولہ (پروجیکٹائل) تنصیب کے قریب آ کر پھٹ گیا۔

دوسری جانب ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے بھی دعویٰ کیا کہ صوبہ خوزستان کے شہر اندیمشک میں دھماکے کی اطلاع ملی ہے۔

تاحال میڈیا رپورٹس میں ان دھماکوں کی وجہ یا نوعیت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

قبل ازیں امریکی افواج نے ایران کے مغربی سرحدی علاقوں ماہ شہر اور آبادان پر تازہ حملے کیے ہیں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے بتایا کہ عراق اور کویت کی سرحد کے قریب واقع صوبہ خوزستان کے بندرگاہی شہر ماہشہر اور آبادان کو نشانہ بنایا گیا۔

خیال رہے کہا کہ آبادان میں مشرق وسطیٰ کی قدیم ترین آئل ریفائنری واقع ہے۔

دوسری جانب فارس نیوز ایجنسی کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 25 منٹ پر آبادان پر حملہ کیا گیا جبکہ 1 بج کر 30 منٹ پر ماہشہر کو نشانہ بنایا گیا۔