سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ڈمپر نے رکشا کو روند دیا، ایک جاں بحق 3 زخمی

ڈرائیور فرار ہوگیا، پولیس نے ڈمپر قبضے میں کرلیا، کورنگی میں ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا


اسٹاف رپورٹر July 14, 2026

کراچی:

سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ڈمپر نے رکشا کو روند ڈالا نتیجے میں ایک شخص جاں بحق 3 زخمی ہوگئے، کورنگی میں ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گیا۔

ایکسپریس کے مطابق سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ڈمپر نے رکشا کو روند ڈالا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور چھیپا کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ متوفی کی لاش اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈمپر کی رکشا کو ٹکر کے دوران اس میں سوار 40 سالہ محمد راشد جاں بحق ہوگیا جبکہ 25 سالہ عارف، 27 سالہ محمد عربی اور 30 سالہ بلال کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

ہیڈ محرر تھانہ سچل زاہد محمود نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے ڈمپر کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے، پولیس نے متوفی کے بھائی کی مدعیت میں حادثے کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے، پولیس فرار ہونے والے ڈرائیور کو سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔

کورنگی انڈس چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی۔ چھیپا حکام کے مطابق متوفی موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 30 سال کے قریب بتائی جاتی ہے، شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔