ایران نے مفاہمتی یادداشت کے غیر مؤثر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران اب امریکا کے ساتھ طے شدہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کا پابند نہیں رہا۔
انھوں نے صدر ٹرمپ کے بیان کا خوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ امریکا نے نہ صرف مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی بلکہ خود ہی اسے مکمل طور پر ختم کر دیا۔
نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ معاہدے کی کسی ایک شق پر بھی عمل نہ ہونا پورے مفاہمتی یادداشت کو ختم کرنے کے لیے کافی تھا جبکہ امریکا نے تو اپنی تمام ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں اب ایران پر بھی اس مفاہمتی یادداشت کی پابندی لازم نہیں رہی۔ اب یہ ماضی کا قصہ بن گیا ہے۔ آئندہ اپنے فیصلے قومی مفادات کے مطابق کریں گے۔
واضح رہے کہ کچھ دنوں کی جنگ بندی کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر جنگ جاری ہے اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں۔