الفاظ حوصلہ دیتے ہیں اور مایوس بھی کرتے ہیں۔ چاہے گھروں میں بولے جائیں یا دفاتر میں۔ اداروں اور دفاتر میں الفاظ کا استعمال کام کی ثقافت کو فروغ دیتا ہے، اعتماد میں اضافہ کرتا ہے اور مواقع کی سمت کا تعین کرتا ہے۔ بعض اوقات چند الفاظ پالیسیوں اور طریقہ کار سے بھی زیادہ کارآمد ہوتے ہیں۔
دیکھنے میں تو الفاظ چھوٹے اور معمولی دِکھتے ہیں، لیکن ان میں شمولیت کو فروغ دینے یا باہر رکھنے، حوصلہ بڑھانے یا پست کرنے اور تبدیلی لانے یا جمود پیدا کرنے کی غیرمعمولی طاقت ہوتی ہے۔
حالیہ برسوں میں کارپوریٹ ترجیحات صرف منافع تک محدود نہیں رہیں، اب ادارے اس حقیقت کو تسلیم کررہے ہیں کہ ملازمین کی فلاح و بہبود، اخلاقی رویہ اور صارف کی ضروریات کو ترجیح دینا طویل مدتی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔ ان تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ تنوع، مساوات اور شمولیت (DEI) کے اقدامات اخلاقی ذمے داری سے بڑھ کر ایک اسٹرٹیجک ضرورت بن گئے ہیں۔ DEI کے بنیادی ستونوں میں ایک ایسا عنصر موجود ہے جسے ہم اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں اور وہ ہے زبان۔
زبان کبھی غیر جانبدار نہیں ہوتی، یہ ہمارے اندر موجود سوچ اور خیالات کی ترجمانی کرتی ہے۔ سماجی و ادارہ جاتی درجہ بندیوں کو مستحکم بناتی ہے اور اس تاثر کو تشکیل دیتی ہے کہ کون اس ماحول کا حصہ ہے اور کون نہیں۔ شمولیتی زبان (Inclusive Language) کے اصول ایسے نفسیاتی اور سماجی دائرے قائم کرتے ہیں، جن میں ملازمین خود کو نظرانداز نہیں بلکہ قدر و احترام والا اور بااختیار محسوس کرتے ہیں۔ اسلامی تناظر میں یہ طرز فکر اور طرز عمل فطری طور پر اصول عدل (انصاف)، احسان (بہترین طرز عمل)، اور رحم (شفقت و ہمدری) کے اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
عدل ہر معاملے میں انصاف اور برابری کا تقاضا کرتا ہے اور یہ صرف معاہدوں یا لین دین تک محدود نہیں بلکہ ہماری گفتگو اور الفاظ تک پھیل جاتا ہے۔ ایک مہذب اور احترام بھرا جملہ کسی کی عزت نفس کی حفاظت کرتا ہے جب کہ غیر ذمے دارانہ رویہ یا سخت بات کسی کی عزت نفس کو مجروح کرتا ہے۔ احسان ہمیں بہترین طرز عمل اختیار کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ایسی گفتگو جس میں دوسروں کی عزت کی جائے، اُن کا حوصلہ بڑھایا جائے اور آسانی پیدا کی جائے۔
قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، ”اور لوگوں سے اچھی بات کہو۔“ (البقرہ 2:83) اس فرمان سے صاف ظاہر ہے کہ زبان صرف اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ اخلاقی ذمے داری ہے، جو انسانی تعلقات کے لیے ایک الٰہی معیار ہے۔ رحم ہمارے الفاظ کے جذباتی اور انسانی اثرات کو اجاگر کرتا ہے اور ہمیں پابند کرتا ہے کہ ہم سوچیں کہ ہماری بات چیت سے دوسروں کی عزت نفس، ذہنی سکون اور مجموعی فلاح و بہبود متاثر نہ ہو۔
یہ اصول نظری یا تجریدی تصورات نہیں بلکہ اداروں میں ان کے واضح اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ غلط فہمیاں یا غیر واضح گفتگو ایسی رکاوٹیں پیدا کردیتی ہے جو خواتین، نوجوانوں، معذور افراد یا اقلیتی گروہوں کے لیے ترقی و شمولیت کے مواقع محدود کردیتی ہے۔ اس کے برعکس سوچ سمجھ کر اور احتیاط کے ساتھ استعمال کیے گئے الفاظ شمولیت اور جدت کو فروغ دیتے ہیں اور مختلف سطحوں پر اعتماد کو مستحکم بناتے ہیں۔
فیصل بینک کی انکلوژیو کمیونیکشن گائیڈ اسی نقطہ نظر کی ایک بہترین مثال ہے۔ انگریزی، اردو اور بریل میں موجود یہ گائیڈ اخلاقی اصولوں کو قابل عمل رہنمائی میں تبدیل کرتی ہے۔ یہ اسلامی تصور تکافل (باہمی تعاون اور مشترکہ ذمے داری) کو عملی شکل دیتی ہے، تاکہ تمام شراکت داروں کو معلومات تک یکساں اور منصفانہ رسائی حاصل ہوسکے۔ اس طرح شمولیت صرف ایک کارپوریٹ اصطلاح نہیں رہتی بلکہ ادارے کی شناخت اور ثقافت کا بنیادی حصہ بن جاتی ہے۔
جدید تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ ادارے سے تعلق کا احساس افراد کی کارکردگی اور صلاحیتوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اسی طرح Hofstede کا ثقافتی پروگرامنگ تصور یہ یاد دلاتا ہے کہ بار بار دہرائے جانے والے لسانی انتخاب وقت کے ساتھ ادارہ جاتی ثقافت کو تشکیل دیتے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں وہ الفاظ جو ہم روزانہ استعمال کرتے ہیں، چاہے وہ ای میلز ہوں، میٹنگز یا کارکردگی کے جائزے، شمولیت یا اخراج کی ایک غیر محسوس مگر مضبوط بنیاد تیار کرتی ہیں۔
صرف الفاظ نہیں، لہجہ بھی اہم ہے۔ انتہائی سوچ سمجھ کر کہے گئے الفاظ بھی اپنا اثر کھو دیتے ہیں اگر انہیں سختی، بے رخی یا بے توجہی کے ساتھ ادا کیا جائے۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ کسی پیغام کے اثر میں 70 فیصد حصہ لہجے کا ہوتا ہے، جو ہر میل جول میں شعور، نرمی اور احتیاط کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
جامع رابطہ کاری وسیع تر کاروباری اخلاقیات کی بھی عکاس ہے۔ ارسطو کا تصور Phronesis یعنی عملی حکمت اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ اخلاقی فیصلہ سازی اصولوں کی پابند نہیں ہوتی، بلکہ حالات، تعلقات اور انسانی پہلوؤں کو سمجھ کر درست طرز عمل اختیار کرنے کا نام ہے۔ الفاظ کو سوچ سمجھ کر استعمال کرنا بھی اہم ہے۔ کارپوریٹ ماحول میں یہ رویہ محتاط اور بامقصد ای میلز، احترام پر مبنی فیڈبیک اور ایسی پالیسیوں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے، جہاں ہر شراکت دار کی عزت نفس کا خیال رکھا جاتا ہے۔
اثر وقتی نہیں ہوتا بلکہ اس کے دور رَس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وہ ادارے جو جامع رابطہ کاری کو نظرانداز کرتے ہیں وہ عدم مساوات کو فروغ دیتے ہیں، ملازمین کے حوصلے پست کرتے ہیں اور ان کے اعتماد کو مجروح کرتے ہیں۔ جبکہ وہ ادارے جو اس اصول کو اپناتے ہیں، خصوصاً ایسے فریم ورک کے ذریعے جو اسلامی اخلاقیات کے مطابق ہوں، ایک ایسی ثقافت کو فروغ دیتے ہیں وہاں ہر فردخواہ اس کی جنس، صلاحیت یا سماجی حیثیت کچھ بھی ہو، پورے وقار، تحفظ اور تخلیقی آزادی کے ساتھ ادارے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
الفاظ صرف ہماری سوچ کے عکاس نہیں ہوتے بلکہ ثقافت کے معمار اور اُس کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔ وہ ہماری اقدار کو ظاہر کرتے ہیں اور اداروں کی اجتماعی فضا کو تشکیل دیتے ہیں۔ ترقی کے مواقع حاصل کرنے اور محرومی کا شکار رہنے والوں پر اس کا بڑا اثر ہوتا ہے۔ جب ادارے اپنی روزمرہ کی گفتگو اور رابطہ کاری میں عدل، احسان اور رحم کو شامل کر لیتے ہیں تو وہ صرف اخلاقی اصولوں کی پابندی نہیں کرتے بلکہ حقیقی اور پائیدار ثقافتی تبدیلی کی بنیاد بھی رکھتے ہیں۔
آج کے کارپوریٹ ماحول میں جہاں DEI اور شراکت داروں کی قدر کو اہمیت دی جاتی ہے، پیغام بالکل واضح ہے۔ شمولیت کی ابتدا زبان سے ہوتی ہے۔ اگر ادارے، لیڈرز اور افراد یہ سمجھ لیں کہ ہر گفتگو، ہر ای میل اور ہر ملاقات اپنے اندر اخلاقی و ثقافتی وزن رکھتی ہے، تو الفاظ کا محتاط انتخاب ایک معمولی عمل نہیں رہتا بلکہ گہری اور دیرپا ترقی کا ذریعہ بن جاتا ہے۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔