کراچی؛ 13 سالہ لڑکا پراسرار طور پر ہلاک، لاش گھر کے باہر سے برآمد

پولیس نے واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات شروع کر دیں


اسٹاف رپورٹر July 16, 2026

کراچی:

پپری سندھی گوٹھ فٹبال گراؤنڈ کے قریب گھر کے باہر سے 13 سالہ لڑکے کی لاش ملی ہے جو کہ پراسرار طور پر ہلاک ہوا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی علی الصبح بن قاسم ٹاؤن تھانے کے علاقے پپری سندھی گوٹھ فٹبال گراؤنڈ کے قریب گھر کے باہر سے 13 سالہ لڑکے کی لاش ملی ہے، جو کہ پراسرار طور پر ہلاک ہوا، لڑکے کی لاش پہلے گلشن حدید میں واقع الخدمت اسپتال اور بعدازاں جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

ایس ایچ او بن قاسم ٹاون فیصل رفیق کے مطابق لڑکے کی شناخت 13 سالہ صابر ولد طالب کے نام سے کی گئی، متوفی لڑکا بدھ کی شب گھر والوں کے ساتھ شادی کی تقریب میں گیا تھا، رات گئے گھر والے واپس لوٹ آئے لیکن لڑکا واپس نہیں آیا اور صبح لڑکا گھر کے باہر مردہ حالت میں ملا۔

ایس ایچ اوبن قاسم کے مطابق شبہ ہے کہ متوفی لڑکے کی موت زہریلا مواد کھانے کی وجہ سے ہوئی، موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی، پولیس نے واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات شروع کر دیں۔

دوسری جانب، اطلاعات کے مطابق متوفی لڑکے کے اہلخانہ بغیر پوسٹ مارٹم کے لاش اپنے ہمراہ لے کر اسپتال سے روانہ ہوگئے۔