فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کسٹمز رولز 2001 میں مزید ترامیم کرتے ہوئے رسک مینجمنٹ سسٹم کے تحت منتخب کارگو کی اسکیننگ کو لازمی قرار دے دیا ہے جبکہ آئی ٹی کارگو کی بندرگاہ سے بندرگاہ منتقلی صرف لائسنس یافتہ بانڈڈ کیریئرز کے ذریعے ہوسکے گی۔
ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت کسٹمز رولز 2001 میں کی جانے والی مزید ترامیم میں بتایا گیا ہے کہ کنٹینرائزڈ کارگو کے لیے مدت 30 اور بلک یا ایل سی ایل کارگو کے لیے 60 دن مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ غیرمعمولی حالات میں چیف کلیکٹر کسٹمز مدت میں مزید توسیع کی منظوری دے سکے گا۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق سیل نمبر اور کنٹینر نمبر کی لازمی شرط صرف کنٹینرائزڈ کارگو پر لاگو ہوگی جبکہ رول 510 بی میں ترمیم کرتے ہوئے آئی ٹی کارگو کی بندرگاہ سے بندرگاہ تک نقل و حرکت کراچی کی آمدی بندرگاہ، ہوائی اڈے یا کراچی کی کسی دوسری بندرگاہ کے ذریعے لائسنس یافتہ بانڈڈ کیریئرز کے تحت ٹریکنگ اینڈ مانیٹرنگ آف کارگو رولز 2023 کے مطابق کرنے کی شق شامل کی گئی ہے۔
اسی طرح متعلقہ اسسٹنٹ یا ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز شپنگ لائن یا اس کے نمائندے کی درخواست پر کسٹمز نگرانی میں ڈرائی بلک کارگو کی پیکنگ کی اجازت دے سکے گا، اس کے علاوہ رسک مینجمنٹ سسٹم کے تحت منتخب یا متعلقہ کلیکٹر کسٹمز کی جانب سے مقرر کردہ کارگو کو اسکیننگ کے عمل سے گزارا جائے گا۔